ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی پوکسو عدالت نے  مجرم کو سنائی 37 سال قید کی سزا

اڈپی پوکسو عدالت نے  مجرم کو سنائی 37 سال قید کی سزا

Mon, 05 Aug 2024 12:37:22    S.O. News Service

اڈپی،  5 / اگست (ایس او نیوز) اڈپی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ پوکسو اسپیشل کورٹ نے سچن پجاری (26 سال) پر نابالغ لڑکی کے  اغوا اور جنسی حملے کی فرد جرم ثابت ہونے کے بعد اسے 37 سال قید کی سزا سنائی ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ سچن پجاری جنسی حملے کی شکار لڑکی کے گھریلو ملازم کا رشتے دار تھا اسی وجہ سے اس نے لڑکی کا فون نمبر حاصل کیا ، اس سے بات چیت کے بعد تعلقات بنائے اور اس کی فحش تصاویر اتاریں اور ان تصاویر کو وائرل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے لڑکی سے بڑی بڑی رقمیں اور زیورات وصول کرنا شروع کیا ۔ وہ اس پرزیادہ سے زیادہ زیورات لانے کے لئے دباو بنانے لگا اور کچھ زیورات اس نے گروی بھی رکھے ۔   
    
پجاری پر لگے الزامات کے مطابق اس نے ستمبر اور نومبر 2020 کے دوران اس لڑکی کو دو تین بار اغوا کیا اور ویران مقام پر لے جا کر اس کے ساتھ جنسی تعلقات بنائے ۔ سچن کی طرف سے پیسے اور زیورات وصول کرنے کا سلسلہ اس وقت تک چلتا رہا جب تک لڑکی کے گھر والوں نے زیورات غائب ہونے کی بات نوٹ کی اور تفتیش پر لڑکی نے ساری باتیں اگل دیں ۔ جس کے بعد ویمنس پولیس اسٹیشن معاملہ درج کروایا گیا ۔
    
ویمنس پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر منجو ناتھ نے معاملے کی تحقیقات کے بعد پجاری کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ گواہوں سے جرح، دستاویزی ثبوت، بازیافت کیے گئے زیورات اور متاثرہ لڑکی کے بیانات کی روشنی میں پوکسو اسپیشل کورٹ کے جج سرینواس سوورنا نے سچن پجاری کو مختلف الزامات کے تحت مجرم پایا اور 37  سال قید کے علاوہ جملہ 40 ہزار روہے جرمانے کی سزا سنائی ۔ جرمانے کی رقم سے دس ہزار روپے سرکاری خزانے میں جائیں گے جبکہ بقیہ 30 ہزار روپے متاثرہ لڑکی کو دئے جائیں گے ۔ مزید بر آں عدالت نے متاثرہ لڑکی کو 2 لاکھ روپے سرکاری معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے ۔
    
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر وائی ٹی راگھویندرا نے اس معاملے میں سرکاری وکیل کی ذمہ داری نبھائی ۔ 


Share: